عقل داڑھ کیا ہے، یہ کب نکلتی ہے، اس کے درد، سوجن اور دیگر مسائل کی وجوہات کیا ہیں؟
انسانی جسم ایک عجیب و غریب مشین کی طرح ہے۔ اس کی ساخت میں ایسے کئی حصے موجود ہیں جو ماضی میں ہمارے بقا کے لیے انتہائی اہم تھے، لیکن آج کے دور میں وہ محض ایک یادگاررہ گئے ہیں یا بعض اوقات ہمارے لیے ایک تکلیف کا باعث بھی بنتے ہیں ۔
انھی میں سے ایک نمایاں نام “عقل داڑھ ہے” یعنی Wisdom Teeth کا ہے۔ جب نوجوانی کی دہلیز پر پہنچ کر منہ کے آخری حصوں میں یہ تیسری داڑھیں نکلنا شروع ہوتی ہیں، تو اکثر لوگوں کے لیے یہ تکلیف، سوجن اور ڈینٹسٹ کے پاس جانے کا باعث بنتی ہے
لیکن ایک سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہمارے منہ میں ان دانتوں کی ضرورت کیوں ہے کیا یہ غیر ضروری ہے اگر یہ غیر ضروری تھے تو قدرت نے انہیں پیدا کیوں کیا اس سوال کا جواب جاننے کے لیے ہمیں انسانی تاریخ اور اس کی ارتقا حیات اور جدید میڈیکل تحقیق کی روشنی میں دیکھنا ہوگا۔
عقل داڑھ سے کیا مراد ہے اور یہ نام کیوں پڑا؟
عقل داڑھ دراصل انسان کے بالغ دانتوں کا آخری سیٹ ہوتے ہیں، جنہیں طبی زبان میں “تھرڈ مولرز” (Third Molars) کہا جاتا ہے۔ عام طور پر ہر انسان کے منہ کے چاروں کونوں (اوپر نیچے، دائیں بائیں) میں ایک ایک یعنی کل چار دندانِ عقل ہوتے ہیں۔ تاہم، جینیاتی تنوع کی وجہ سے کچھ خوش نصیب ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے منہ میں یہ دانت بالکل پیدا ہی نہیں ہوتے، جبکہ کچھ کے ہاں ان کی تعداد چار سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
انہیں “عقل کے دانت” کہنے کی تاریخ بھی بڑی دلچسپ ہے۔ یہ عام طور پر سترہ سے پچیس سال کی عمر کے درمیان نکلتے ہیں۔ یہ وہ عمر ہوتی ہے جب انسان بچپن سے نکل کر جوانی اور بلوغت کی طرف قدم بڑھاتا ہے، فکری طور پر سمجھ دار اور پختہ ہو جاتا ہے۔ پرانے زمانوں میں لوگوں کا یہ خیال تھا کہ چونکہ یہ دانت اس عمر میں ظاہر ہوتے ہیں جب انسان زیادہ “عقل مند” ہو چکا ہوتا ہے، اس لیے ان کا نام ہی دندانِ عقل پڑ گیا۔ البتہ حیاتیاتی یا طبی لحاظ سے ان کا عقل مندی یا ذہانت کے ساتھ کوئی براہ راست تعلق نہیں ہے۔
ارتقائی پس منظر: ماضی میں ان کی ضرورت کیوں تھی؟
ان عقل داڑھ کی ماضی میں ضرورت کیوں تھی اور یہ سمجھنے کے لیے کہ ہمیں یہ مسائل میں کیوں مبتلا کرتے ہیں اس کے لیے ہمیں ہزاروں سال پرانی تاریخ یعنی ماضی کی طرف جانا ہوگا اج سے ہزاروں سال پہلے ہماری ابتدائی خوراک ہمارے ابا و اجداد کی خوراک اور طرز زندگی سے کافی مختلف تھی
۱۔ سخت اور کچی خوراک کا استعمال
جب ہم ماضی پر نظر ڈالتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ قدیم انسان کے پاس نہ تو آگ جلانے کا کوئی خاص ہنر تھا اور نہ ہی کھانا پکانے کے مناسب طریقے۔ وہ قدرتی جنگلات میں پائے جانے والے پودوں، درختوں کی جڑوں، کچے گری دار میووں، بیجوں اور خاص طور پر بغیر پکے ہوئے گوشت پر گزارا کرتا تھا۔ اتنی سخت اور ریشے دار خوراک کو چبانے اور پیسنے کے لیے عام دانت کافی نہیں تھے۔
۲۔ اضافی چبانے کی طاقت
فطرت نے انسانی جسم کو اس ماحول کے مطابق ڈھالا تھا۔ جب شروع کے تمام دانت سخت خوراک کھا کھا کر گھس جاتے تھے یا ٹوٹ جاتے تھے، تو سترہ یا اٹھارہ سال کی عمر میں یہ تیسری داڑھیں (دندانِ عقل) نمودار ہوتی تھیں جو پچھلے دانتوں کی کمی کو پورا کرتی تھیں اور اضافی چبانے کی طاقت فراہم کرتی تھیں۔ اس دور میں یہ دانت خوراک کو ہضم کرنے کے قابل بنانے کے لیے انتہائی ناگزیر سمجھے جاتے تھے۔
جبڑے چھوٹے کیوں ہو گئے
وقت نے کروٹ بدلی اور انسانی ارتقا کا سفر آگے بڑھا۔ اس طویل سفر میں دو بڑی تبدیلیاں رونما ہوئیں جن نے ہمارے منہ اور جبڑوں کی ساخت کو ہمیشہ کے لیے بدل ڈالا۔
آگ کی دریافت اور کھانا پکانا: جب انسان نے آگ جلانا سیکھی اور گوشت کو بھوننا یا ابالنا شروع کیا، تو خوراک بہت نرم ہو گئی۔ اب دانتوں پر وہ شدید دباؤ نہیں رہا جو کچا کھانا کھاتے وقت پڑتا تھا۔
اوزاروں کا استعمال: انسان نے پتھروں اور دھاتوں کے اوزار بنا کر خوراک کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹنا شروع کر دیا، جس سے منہ کا مشقت والا کام کم ہو گیا۔
چونکہ خوراک نرم ہوتی گئی، اس لیے ہمارے جبڑوں کو اب اتنی زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں رہی۔ ارتقائی اصولوں کے تحت، جس حصے کا استعمال کم ہو جائے وہ وقت کے ساتھ چھوٹا یا کمزور ہونے لگتا ہے۔ یوں نسل در نسل گزرنے کے ساتھ ساتھ انسانی کھوپڑی کی ساخت بدلی، چہرہ باریک ہوا اور ہمارے جبڑے سکڑ کر چھوٹے ہو گئے۔
لیکن یہاں ایک دلچسپ اور پیچیدہ مسئلہ پیدا ہوا: جبڑے چھوٹے ہو گئے لیکن جینز (Genes) میں درج دانتوں کی تعداد کم نہیں ہوئی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ آج کے جدید انسان کے منہ میں تیسری داڑھ (دندانِ عقل) کے لیے مطلوبہ جگہ ہی باقی نہیں بچی۔
جدید دور میں عقل داڑھ کے مسائل اور پیچیدگیاں
چونکہ منہ میں جگہ تنگ ہوتی ہے اور دندانِ عقل نے پھر بھی اپنی مقررہ عمر میں باہر نکلنا ہوتا ہے، اس لیے یہ عمل اکثر شدید مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے۔ جدید طبی ماہرین اور دندان سازوں کے مطابق، آج کے دور میں یہ دانت فائدے کے بجائے زیادہ تر پریشانیوں کی جڑ بن چکے ہیں۔
۱۔ امپیکشن (Impacted Wisdom Teeth)
جب جبڑے میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے دندانِ عقل مسوڑوں کے اندر ہی پھنس جاتے ہیں یا باہر نکلنے کے لیے ٹیڑھا راستہ اختیار کرتے ہیں، تو اسے “امپیکٹڈ ٹوتھ” کہا جاتا ہے۔ یہ دانت اکثر آدھے باہر نکلتے ہیں اور آدھے مسوڑوں کے اندر دبے رہتے ہیں۔
۲۔ دانتوں کی گنجائش اور اکڑاؤ (Crowding)
جب پیچھلے کونے سے دندانِ عقل زور لگاتے ہیں، تو وہ آگے والے تمام دانتوں کو دھکیلتے ہیں۔ اس دباؤ کی وجہ سے سیدھے اور خوبصورت دانت بھی ٹیڑھے ہو جاتے ہیں اور منہ میں دانتوں کی قطار بگڑ جاتی ہے۔
۳۔ انفیکشن اور مسوڑوں کی بیماریاں
نیم کھلے یا ٹیڑھے دندانِ عقل کے اردگرد صفائی کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔ وہاں کھانے کے ذرات اور بیکٹیریا جمع ہوتے رہتے ہیں، جو برش یا دھاگے کی مدد سے بھی صاف نہیں ہو پاتے۔ اس کے نتیجے میں مسوڑوں میں شدید سوجن، پیپ، درد اور منہ سے بدبو آنے کی شکایت پیدا ہو جاتی ہے۔
۴۔ کیویٹی اور سڑن
منہ کے بالکل آخری حصے میں ہونے کی وجہ سے ٹوتھ برش وہاں تک آسانی سے نہیں پہنچ پاتا۔ اس غفلت کی وجہ سے ان دانتوں میں بہت جلد کیڑا لگ جاتا ہے (Cavities) جو نہ صرف خود دندانِ عقل کو تباہ کرتا ہے بلکہ ساتھ والے صحت مند دانتوں کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
کیا آج بھی ہمیں عقل داڑھ کی ضرورت ہے؟
حیاتیاتی اور سائنسی اصطلاحات میں دندانِ عقل کو “ویسٹیجیئل آرگنز” (Vestigial Organs) یعنی ایسے اعضا کہا جاتا ہے جو ارتقائی عمل میں اپنا اصل مقصد یا افادیت کھو چکے ہیں۔
جیسا کہ اپینڈکس (Appendix) یا جسم پر موجود کچھ فالتو بال آج کے انسان کے لیے زیادہ کارآمد نہیں رہے، بالکل اسی طرح دندانِ عقل بھی اب ہماری جسمانی بقا کے لیے ضروری نہیں رہے۔ جدید خوراک، ٹوتھ برش، ٹوتھ پیسٹ اور چمچ کانٹے کے دور میں ہمیں اتنی سخت پیسنے والی داڑھ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض ماہرین کا ماننا ہے کہ مستقبل کے انسانوں میں یہ دانت بالکل پیدا ہی نہیں ہوں گے۔
عقل داڑھ کو نکلوانا کیوں ضروری ہو جاتا ہے؟
جب کسی مریض کے منہ میں دندانِ عقل کی وجہ سے درد، بار بار انفیکشن، سوجن یا جبڑے میں اکڑاؤ پیدا ہونے لگے، تو ڈینٹسٹ یا اورل سرجن فوری طور پر انہیں نکالنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
بہت سے لوگ اس سرجری کے نام سے گھبراتے ہیں، لیکن جدید طبی سہولیات کی وجہ سے یہ عمل اب انتہائی محفوظ اور آسان ہو چکا ہے۔ ڈاکٹرز ایکسرے کی مدد سے دانت کی پوزیشن کا جائزہ لیتے ہیں، سن کرنے کی دوا (Local Anesthesia) لگاتے ہیں تاکہ مریض کو ذرا سا بھی درد محسوس نہ ہو، اور پھر احتیاط کے ساتھ اس اضافی داڑھ کو باہر نکال دیتے ہیں۔ کم عمر میں (یعنی نوجوانی کے شروع میں) دندانِ عقل نکلوانا زیادہ آسان ہوتا ہے کیونکہ اس وقت دانت کی جڑیں اتنی گہری اور مضبوط نہیں ہوتی ہیں۔




