دیانتداری کی وہ کہانی جو آپ کی زندگی بدل دے

دیانتداری 0

کبھی کبھی زندگی کی اصل جیت اُس شخص کے حصے میں آتی ہے جو بظاہر خالی ہاتھ ہوتا ہے مگر اس کا دل سچائی، دیانتداری اور خلوص سے بھرا ہوتا ہے۔

یہ دیانتداری کی کہانی صرف ایک واقعہ نہیں، بلکہ ایک ایسا سبق ہے جو کامیابی کے معنی بدل دیتا ہے۔

دیانتداری کی اہمیت

ایک شہر میں ایک نہایت کامیاب تاجر رہتا تھا۔ اُس نے اپنی محنت، عقل اور دیانتداری سے ایک عظیم ادارہ کھڑا کیا تھا۔ لوگ اُس کی کامیابی کی مثالیں دیتے تھے۔ مگر وقت کسی کے لیے نہیں رکتا۔ عمر ڈھلنے لگی، صحت کمزور ہونے لگی، اور اب اُسے اپنے بعد ادارے کے لیے ایک قابل جانشین چاہیے تھا۔

ایک دن اُس نے ادارے کے تمام ملازمین کو ایک وسیع ہال میں جمع کیا۔ فضا میں تجسس تھا۔ ہر چہرہ یہ جاننے کو بےتاب کہ آج کیا ہونے والا ہے۔ تاجر نے نہایت پُرسکون اور سنجیدہ لہجے میں گفتگو کا آغاز کیا

تاجر کا انوکھا امتحان

میں اب زیادہ عرصہ ذمہ داریاں نہیں سنبھال سکتا۔ میری خواہش ہے کہ اب میں آپ میں سے ہی کسی ایک کو اپنی جگہ منتخب کروں، مگر یہ فیصلہ تمہاری اصل قابلیت پر ہوگا، نہ کہ دعوؤں پر۔

فضا میں خاموشی چھا گئی، تجسس ہونے لگا اور ہر دل میں ایک ہی خواہش:

کاش اگلا سربراہ میں بنوں!

یہ کہہ کر اُس نے ہر فرد کو ایک بیج اور ایک گملا دیا، اور ہدایت کی: اس بیج کو گملے میں بوؤ، پورا ایک سال اس کی دیکھ بھال کرو، اور اگلے سال مجھے اس کا نتیجہ دکھاؤ۔

یہ سن کر سب کے چہروں پر امید کی روشنی پھیل گئی۔سب خوشی خوشی بیج لے گئے۔ ہر کسی کو امید تھی کہ اب وہی اگلا سربراہ بنے گا۔

سب نے اپنے اپنے بیج بو دیے۔

دن گزرتے گئے۔ ہفتے مہینوں میں بدل گئے۔

 

ایک سال بعد سب دوبارہ اجلاس میں جمع ہوئے۔سب اپنے اپنے گملے لے آۓ۔  کمرہ خوبصورت سبز پودوں، رنگ برنگے پھولوں اور بڑے بڑے گملوں سے سج  گیا۔ ہر شخص اپنی محنت کے قصے سنا رہا تھا۔ تاجر نے سب کی باتیں سنیں، پھر اچانک کہا ایک شخص ابھی باقی ہے۔

دیانتداری کیوں ضروری ہے؟

زید پریشان تھا۔ ایک کونے میں خاموش بیٹھا تھا،ہاتھ میں خالی گملہ لیے۔ کچھ لوگ اُس پر ہنس رہے تھے، کچھ ترس کھا رہے تھے۔

لرزتے قدموں سے آگے آیا اور سر جھکا کر بولا:جناب، میں نے پوری کوشش کی اچھی مٹی ڈالی، بہترین کھاد استعمال کی، روزانہ پانی دیا، دھوپ کا خیال رکھا۔  مگر میرا بیج نہ اُگا۔

ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔

تھوڑی دیر بعد چاۓ کا وقفہ ہوا۔وقفے کے بعد تاجر دوبارہ اسٹیج پر آیا اور بلند آواز میں اعلان کیا:آج سے اس ادارے کا نیا سربراہ… زید ہوگا!

پورا ہال سناٹے میں ڈوب گیا۔ سب حیران ۔پریشان۔ خاموش۔لوگوں کے منہ کھلے رہ گئے۔

تاجر نے مسکرا کر کہا: میں نے آپ سب کو اُبلے ہوئے بیج دیے تھے وہ کبھی اُگ ہی نہیں سکتے تھے۔ ہال میں خاموشی چھا گئی۔

آپ سب نے بیج بدل دیے، صرف زید نے سچائی نہیں بدلی۔ یہی شخص میرے ادارے کا اصل حقدار ہے۔

کہانی سے حاصل ہونے والا سبق

زندگی میں صلاحیت اہم ہے، محنت ضروری ہے، مگر دیانتداری سب سے بڑی طاقت ہے۔لوگ وقتی فائدے کے لیے دھوکہ دے سکتے ہیں، مگر سچائی آخرکار سرخرو ہو کر سامنے آتی ہے۔

یاد رکھیں: جب دنیا نہ دیکھ رہی ہو… تب بھی اللہ دیکھ رہا ہوتا ہے۔ اس لیے سچائی اور امانتداری کا دامن کبھی نہ چھوڑیں۔

اگر آپ واقعی کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو:

✔ سچ بولیں
✔ امانتداری اختیار کریں
✔ شارٹ کٹ سے بچیں
✔ اپنے اصولوں پر قائم رہیں

کیونکہ…

اصل کامیابی وہی ہے جو دیانتداری کے ساتھ حاصل ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں