ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا پاکستان، عمان اور روس کا اہم دورہ

عباس عراقچی 0

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی آج پاکستان، عمان اور روس کے اہم سفارتی دورے پر روانہ ہوں گے۔ خطے کی کشیدگی، امن و سلامتی اور مذاکراتی عمل پر اہم بات چیت متوقع ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا پاکستان، عمان اور روس کا اہم سفارتی دورہ

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی آج شام جمعہ 24 اپریل سے پاکستان، عمان اور روس کے اہم سفارتی دورے پر روانہ ہوں گے۔ ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد متعلقہ ممالک کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں، مشاورت اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کی آج رات اسلام آباد آمد متوقع ہے، جبکہ حکومتی حلقوں نے بھی وفد کی آمد سے متعلق اطلاعات کی تصدیق کی ہے۔ اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات پہلے ہی نافذ کیے جا چکے ہیں تاکہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کو محفوظ ماحول میں یقینی بنایا جا سکے۔

اطلاعات ہیں کہ اس وفد کی قیادت وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کریں گے، تاہم پاکستان اور ایران کی جانب سے تاحال باضابطہ سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب امریکی لاجسٹک اور سکیورٹی ٹیم بھی مذاکراتی عمل کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود بتائی جا رہی ہے۔

اس سے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا، جس میں جنگ بندی، علاقائی صورتحال اور سفارتی روابط پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر اسلام آباد نے امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے زور دیا کہ بقایا مسائل کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارتی رابطے ناگزیر ہیں تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام قائم کیا جا سکے۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے اس سلسلے میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، مذاکراتی عمل کے فروغ اور مسائل کے پُرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ یہ دورہ خطے کی بدلتی صورتحال میں اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں