پاکستان میں پائلٹ بننے کے لیے کم از کم انٹرمیڈیٹ (FA، FSc یا A-Levels) کی تعلیم درکار ہوتی ہے، اور اس میں فزکس اور ریاضی کے مضامین شامل ہونا ضروری ہیں۔
پائلٹ بننا دنیا کے اُن پیشوں میں شمار ہوتا ہے جسے نہ صرف وقار، اعتماد اور ذمہ داری کی علامت سمجھا جاتا ہے بلکہ یہ مالی طور پر بھی انتہائی مضبوط کیریئر فراہم کرتا ہے۔ بچپن میں جب اکثر بچوں سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ بڑے ہو کر کیا بننا چاہتے ہیں تو ایک بڑی تعداد بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کہتی ہے کہ وہ پائلٹ بننا چاہتے ہیں۔
اس خواہش کے پیچھے صرف جہاز اڑانے کا شوق نہیں ہوتا بلکہ ایک ایسی زندگی کا تصور بھی شامل ہوتا ہے جس میں سفر، عزت، پروفیشنل مہارت اور ایک منفرد شناخت شامل ہو۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ پائلٹ بننا جتنا دلکش نظر آتا ہے، اس کا سفر اتنا ہی محنت طلب بھی ہے
پاکستان میں پائلٹ کیسے بنا جا سکتا ہے؟
پاکستان میں پائلٹ بننے کے لیے ایک مرحلہ وار راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے جس میں اسے چار چیزوں کی ضرورت پڑتی ہی جس میں تعلیم، تربیت، لائسنس اور عملی تجربہ شامل ہوتے ہیں۔ سب سے پہلے امیدوار کی کم از کم عمر 16 سال اور تعلیم کم از کم انٹرمیڈیٹ (FA، FSc یا A-Levels) ہو، پھر اسے کسی مستند فلائنگ کلب میں داخلہ ملتا ہے جہاں اسے سٹوڈنٹ پائلٹ لائسنس حاصل کرنے کے لیے میڈیکل ٹیسٹ اور بنیادی گراؤنڈ کلاسز مکمل کرنی پڑتی ہیں۔ اس کے بعد تقریباً 40 گھنٹے فلائنگ کا تجربہ حاصل کر کے ابتدائی لائسنس لیا جاتا ہے۔
اگلے مرحلے میں پرائیوٹ پائلٹ لائسنس حاصل کرنے کے لیے اسے درخواست دینی پڑتی ہے۔ جس کے حصول کے بعد امیدوار چھوٹے جہاز اڑانے کے قابل ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد اصل پیشہ ورانہ سفر شروع ہوتا ہے جہاں کمرشل پائلٹ لائسنس (CPL) حاصل کرنے کے لیے تقریباً 200 گھنٹے فلائنگ، متعدد تحریری امتحانات اور عملی ٹیسٹ پاس کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ انسٹرومنٹ ریٹنگ بھی حاصل کرنا پڑتی ہے جس کے ذریعے پائلٹ خراب موسم یا محدود بصری حالات میں جدید آلات کی مدد سے جہاز کو کنٹرول کرنا سیکھتا ہے۔
اگر کوئی پائلٹ مزید ترقی کرنا چاہتا ہے اور جہاز کا کپتان بننے کا خواہشمند ہے تو اسے ایئرلائن ٹرانسپورٹ پائلٹ لائسنس (ATPL) حاصل کرنا پڑتا ہے۔ یہ سب سے اعلیٰ درجے کا لائسنس ہوتا ہے اور اس کے لیے ہزاروں فلائنگ گھنٹے، جدید تربیت اور پیچیدہ امتحانات درکار ہوتے ہیں۔ اس مرحلے پر پہنچنے کے بعد پائلٹ ایک مکمل فلائٹ کی ذمہ داری سنبھال سکتا ہے اور بڑے جہاز اڑا سکتا ہے۔ کپتان بننے کے لیے نہ صرف تکنیکی مہارت بلکہ قیادت، فیصلہ سازی اور دباؤ میں کام کرنے کی غیر معمولی صلاحیت بھی ضروری ہوتی ہے۔
جہاں تک تنخواہ کا تعلق ہے تو پیشہ انتہائی پرکشش ہے۔ ایک نئے فرسٹ آفیسر کی ماہانہ تنخواہ تقریباً 15 سے 20 لاکھ روپے تک ہو سکتی ہے جبکہ تجربہ کار کپتان 25 سے 30 لاکھ روپے یا اس سے بھی زیادہ کما سکتا ہے۔ بین الاقوامی ایئرلائنز میں یہ تنخواہیں مزید زیادہ ہوتی ہیں جہاں اضافی مراعات جیسے رہائش، میڈیکل سہولیات، اور سفری الاؤنس بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔
پائلٹ بننے کے سفر میں سب سے بڑا چیلنج اس کے اخراجات ہوتے ہیں۔ فلائنگ ٹریننگ کو اکثر مہنگا شوق کہا جاتا ہے کیونکہ اس پر لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے خرچ ہو سکتے ہیں۔ صرف PPL پر ہی 25 سے 30 لاکھ روپے تک خرچ آ سکتا ہے جبکہ CPL اور دیگر ٹریننگ کے ساتھ یہ لاگت ڈیڑھ کروڑ روپے یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ اگر کوئی بیرونِ ملک ٹریننگ حاصل کرے تو اخراجات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ اسی لیے بہت سے افراد اس فیلڈ میں آنے سے پہلے مالی منصوبہ بندی کرتے ہیں، کچھ اسکالرشپس تلاش کرتے ہیں یا قرض لے کر اپنی تعلیم مکمل کرتے ہیں۔
پاکستان میں مواقع محدود ہونے کے باوجود عالمی سطح پر ایوی ایشن انڈسٹری میں ہمیشہ ماہر پائلٹس کی طلب موجود رہتی ہے۔ اگر کسی کے پاس مناسب تجربہ اور لائسنس ہو تو وہ مشرقِ وسطیٰ، یورپ یا دیگر ممالک میں بھی ملازمت حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ نئی ایوی ایشن پالیسیوں کے تحت مقامی پائلٹس کے لیے مواقع بڑھانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
ایک پائلٹ کی روزمرہ زندگی عام لوگوں سے کافی مختلف ہوتی ہے۔ اسے مختلف اوقات میں پرواز کرنی پڑتی ہے، کبھی دن میں، کبھی رات میں، اور اکثر بین الاقوامی پروازوں کی وجہ سے ٹائم زون بھی بدلتے رہتے ہیں۔ اس کے باوجود اسے ہر وقت ذہنی طور پر الرٹ رہنا ہوتا ہے اور ہر پرواز سے پہلے مکمل بریفنگ لینا ہوتی ہے۔
نئے آنے والوں کے لیے ایک اہم مشورہ یہ ہے کہ وہ صرف اس پیشے کے ظاہری حسن کو دیکھ کر فیصلہ نہ کریں بلکہ اس کے تقاضوں کو بھی سمجھیں۔ اس میں نہ صرف مالی سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے بلکہ وقت، محنت اور مستقل مزاجی بھی ضروری ہوتی ہے۔ پائلٹ بننا ایک مشکل مگر نہایت باوقار اور فائدہ مند کیریئر ہے۔ اگر آپ کے اندر سیکھنے کا جذبہ، محنت کرنے کی صلاحیت اور اپنے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا عزم موجود ہے تو آپ اس میدان میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔