2027 میں صدی کا سب سے طویل سورج گرہن

سورج گرہن 0

امریکی خلائی ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ اگست 2027 میں ایسا غیر معمولی سورج گرہن رونما ہونے والا ہے جسے ماہرین نے صدی کا سب سے اہم اور طویل ترین گرہن قرار دیا ہے۔

 ادارے کے مطابق یہ فلکیاتی مظہر 2 اگست 2027 کو پیر کے روز شام 10 بج کر 6 منٹ (UTC) پر شروع ہوگا۔

امریکی خلائی ادارے کی پیشگوئی 2027 میں صدی کا سب سے طویل سورج گرہن

ناسا کے اعداد و شمار کے مطابق گرہن کے دوران چاند کا سایہ شمالی افریقہ، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے کئی خطّوں سے گزرتا ہوا ایک شاندار اور نایاب منظر پیش کرے گا۔ مکمل سورج گرہن مراکش، الجزائر، تیونس، اسپین، سعودی عرب، یمن اور صومالیہ سمیت بحرِ اوقیانوس اور بحرِ ہند کے مخصوص حصوں میں صاف طور پر دیکھا جاسکے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ مکمل گرہن 6 منٹ 23 سیکنڈ تک جاری رہے گا، جو اسے 1991 اور 2009 کے طویل ترین سورج گرہنوں کے بعد ایک تاریخی حیثیت عطا کرتا ہے۔ اسی وجہ سے عالمی فلکیاتی برادری نے اس واقعے کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔

سورج گرہن اس وقت بنتا ہے جب سورج، چاند اور زمین بالکل ایک سیدھ میں آجائیں، اور چاند سورج کی روشنی کو عارضی طور پر روک دے۔ اس دوران سورج کا کنارہ چمکتے ہیروں جیسی انگوٹھی کی شکل اختیار کرتا ہے، جسے سائنسی اصطلاح میں ڈائمنڈ رنگ ایفیکٹ کہا جاتا ہے۔ گرہن کے دوران عام طور پر ماحول کا درجہ حرارت بھی کچھ دیر کے لیے نمایاں طور پر کم ہوجاتا ہے۔

فلکیاتی اداروں نے دنیا بھر کے شائقینِ فلکیات کو انتباہ کیا ہے کہ سورج گرہن کو براہِ راست دیکھنے سے گریز کیا جائے اور صرف مخصوص حفاظتی چشموں یا تصدیق شدہ فلٹرز کا استعمال کیا جائے، کیونکہ بغیر حفاظت سورج کو دیکھنا آنکھوں کو مستقل نقصان پہنچا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں