کالے شیشوں کے استعمال اور جعلی نمبر پلیٹیں لگانے پر ڈرائیوروں کو موقع پر جرمانے کیے گئے اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں سے تمام غیر قانونی سامان اتار دیا گیا۔
کالے شیشوں کے استعمال پر پابندی
پشاور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران جی ٹی روڈ پر متعدد گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا، جس میں کالے شیشوں کے استعمال اور جعلی نمبر پلیٹیں لگانے پر ڈرائیوروں کو موقع پر جرمانے کیے گئے
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر احسان علی شاہ نے ٹریفک پولیس سمیت ٹیم کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر اچانک چیکنگ کی۔ دورانِ کارروائی افسران نے درجنوں گاڑیوں کا معائنہ کیا اور جعلی نمبر پلیٹوں سمیت کالے شیشوں کا استعمال کرنے پر 208 گاڑی مالکان کے خلاف موقع پر جرمانہ عائد کر دیا۔ اسی دوران متعلقہ ٹیم نے گاڑیوں سے کالے سٹیکرز اور غیر قانونی نمبر پلیٹیں بھی ہٹا دیں۔
ڈپٹی کمشنر شفیع اللہ خان کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں کالے شیشوں والی گاڑیوں اور جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور شہر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں اس طرح کی کارروائیوں میں مزید سختی لانے کا بھی امکان ہے۔