پاک بھارت جنگ: چین کا جے 10 سی ای طیارے کی کامیابی کا اعلان

جے 10 سی ای 0

چین کے سرکاری دفاعی ادارے نے پہلی مرتبہ اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چینی ساختہ جدید جنگی طیارہ جے 10 سی ای نے عملی میدانِ جنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

چینی حکام کے مطابق یہ کامیابی مئی 2025 کے دوران پیش آنے والی ایک فضائی جھڑپ میں حاصل ہوئی، جسے اس طیارے کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ پیش رفت اس لحاظ سے غیر معمولی ہے کہ اس سے قبل چین کی جانب سے جے 10 سی ای کی جنگی کارکردگی پر کوئی باضابطہ سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا تھا۔ جاری کردہ بیان میں اگرچہ گزشتہ سال مئی کے واقعات کا حوالہ دیا گیا ہے، تاہم اس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جھڑپ کا براہ راست ذکر شامل نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ مئی میں خطے میں کشیدگی کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے دشمن کے جدید طیاروں، جن میں فرانسیسی ساختہ رافال بھی شامل تھا، کو مار گرایا ہے۔ بعد ازاں نومبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا تھا کہ مجموعی طور پر سات دشمن طیارے تباہ کیے گئے۔

اس معاملے پر عالمی سطح پر بھی مختلف بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مواقع پر اس بات کا ذکر کر چکے ہیں کہ مذکورہ فضائی تصادم میں سات سے آٹھ طیارے مار گرائے گئے، جبکہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل انیل چوہان نے بھی سنگاپور میں ایک بین الاقوامی فورم پر اپنے طیاروں کے نقصان کو تسلیم کیا، اگرچہ انہوں نے درست تعداد ظاہر نہیں کی۔

چین کا جے 10 سی ای طیارے کی کامیابی کا باضابطہ اعلان

چین کے اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انڈسٹری فار نیشنل ڈیفنس (SASTIND) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جے 10 سی ای طیاروں نے اس جھڑپ کے دوران دشمن کے متعدد جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا اور خود کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رہے، جو اس طیارے کی اعلیٰ دفاعی اور حملہ آور صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جے 10 سی ای کی یہ پہلی جنگی کارکردگی عالمی دفاعی تجزیہ کاروں اور ہوابازی کی صنعت سے وابستہ ماہرین کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس کامیابی کو چین کی دفاعی سائنس و ٹیکنالوجی صنعت کی جانب سے سال 2025 کی دس اہم ترین کامیابیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

سرکاری معلومات کے مطابق جے 10 سی ای ایک جدید، مکمل طور پر چین میں تیار کردہ آل ویدر، سنگل انجن اور سنگل سیٹ ملٹی رول فائٹر جیٹ ہے، جو فضائی برتری حاصل کرنے، دشمن طیاروں کو روکنے اور مختلف نوعیت کے زمینی و فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

چینی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ جدید ترین ریڈار سسٹمز، جدید ایویونکس اور مؤثر ہتھیاروں سے لیس ہے، جبکہ اس کی کامیاب برآمدی کارکردگی اس بات کی عکاس ہے کہ چینی دفاعی ٹیکنالوجی نہ صرف قابلِ اعتماد ہے بلکہ عالمی مارکیٹ میں موجود دیگر جنگی طیاروں کے مقابلے میں مضبوط مسابقتی حیثیت رکھتی ہے۔

حکام کے مطابق جے-10 سی ای کی یہ جنگی کامیابی محض ایک طیارے کی کامیابی نہیں بلکہ اس سے چین کی دیگر دفاعی مصنوعات کے لیے بھی عالمی منڈیوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے اور چین کی دفاعی صنعت پر عالمی اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں