آن لائن فراڈ (Online Fraud) سے مراد وہ دھوکہ دہی ہے جو انٹرنیٹ، سوشل میڈیا، ای میل، ویب سائٹس یا موبائل ایپس کے ذریعے کی جاتی ہے۔
آن لائن فراڈ اور سائبر کرائم
آج کی دنیا میں انٹرنیٹ انسانی زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔ چند دہائیاں پہلے تک لوگوں کے لیے تصور بھی ممکن نہیں تھا کہ موبائل فون، کمپیوٹر اور سوشل میڈیا ہماری روزمرہ زندگی کو اس قدر تبدیل کر دیں گے۔ آج ہم بینکنگ، خریداری، تعلیم، کاروبار، صحت اور حتیٰ کہ سماجی تعلقات تک کے لیے انٹرنیٹ کا سہارا لیتے ہیں۔
لیکن جس طرح ہر ایجاد کے فائدے ہوتے ہیں اسی طرح اس کے نقصانات بھی سامنے آتے ہیں۔ ڈیجیٹل دنیا نے جہاں بے شمار سہولتیں فراہم کی ہیں وہیں جرائم پیشہ عناصر کے لیے بھی نئے راستے کھول دیے ہیں۔ پہلے زمانے میں چور اور فراڈیے بازاروں، گلیوں اور بینکوں میں وارداتیں کرتے تھے، مگر اب وہی لوگ انٹرنیٹ کے ذریعے گھروں میں بیٹھے افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ آج آن لائن فراڈ اور سائبر کرائم پوری دنیا میں ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ہر سال ہزاروں بلکہ لاکھوں لوگ انٹرنیٹ کے ذریعے دھوکہ دہی کا شکار ہوتے ہیں۔ اکثر اوقات لوگ لاعلمی، جلد بازی یا لالچ کی وجہ سے ایسے جال میں پھنس جاتے ہیں جس کے نتیجے میں انہیں مالی نقصان، ذہنی پریشانی اور بعض اوقات سماجی بدنامی تک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لہٰذا ضروری ہے کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والا ہر فرد اس حقیقت کو سمجھ لے کہ ڈیجیٹل دنیا ایک دو دھاری تلوار کی مانند ہے۔ اگر اسے سمجھداری اور احتیاط کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ ترقی اور آسانی کا ذریعہ ہے، لیکن اگر اس میں لاپرواہی برتی جائے تو یہی ٹیکنالوجی بڑے خطرات کو جنم دے سکتی ہے۔
سائبر کرائم ایک ایسی اصطلاح ہے جو چند دہائیاں پہلے تک عام لوگوں کے لیے اجنبی تھی، مگر آج یہ ہماری روزمرہ گفتگو کا حصہ بن چکی ہے۔ اور سائبر اسپیس ایک ایسی مصروف مارکیٹ کی طرح ہے جہاں اچھے لوگ بھی موجود ہوتے ہیں اور جیب تراش بھی۔ اگر کوئی شخص احتیاط نہ کرے تو وہ باآسانی دھوکہ دہی کا شکار ہو سکتا ہے۔
آن لائن فراڈ کے عام طریقے اور ان سے بچ نکلنے کے راستے
سمارٹ فونز اور سوشل میڈیا کے بڑھتے رجحان نے دنیا کو ڈیجیٹل پنکھ لگا دیے ہیں جس میں دھوکہ دہی کے طریقے بھی ڈیجیٹل ہو گئے ہیں۔انٹرنیٹ پر دھوکہ دہی کے کئی طریقے استعمال کیے جاتے ہیں، لیکن چند طریقے ایسے ہیں جو سب سے زیادہ عام ہیں۔ ذیل میں ان میں سے اہم اقسام بیان کی جا رہی ہیں تاکہ لوگ ان سے آگاہ رہیں۔
1۔ فری ٹرائل آفر فراڈ : اس فراڈ میں کسی پراڈکٹ یا سروس کو ایک ماہ کے لیے مفت آزمانے کی پیشکش کی جاتی ہے۔ اکثر یہ اشتہارات وزن کم کرنے یا دانت سفید کرنے والی مصنوعات یا دوسری مصنوعات کے بارے میں ہوتے ہیں۔
صارف کو بتایا جاتا ہے کہ اسے صرف ڈلیوری چارج ادا کرنا ہوگا۔ لیکن باریک حروف میں لکھا ہوتا ہے کہ وہ ہر ماہ ایک مخصوص رقم ادا کرنے کا پابند ہوگا۔ یا پھر ان سے بکنگ کے لیے کچھ پیسے ایڈوانس جمع کرانے کا کہا جاتا ہے
بچاؤ کا طریقہ : ہمیشہ باریک حروف میں لکھی شرائط پڑھیں، ایڈوانس پیسے مت جمع کروائیں، کسی نامعلوم کمپنی پر فوراً اعتماد نہ کریں، آن لائن ریویوز ضرور دیکھیں۔
2۔ ہاٹ سپاٹ فراڈ: یہ فراڈ عوامی مقامات جیسے ائیرپورٹس یا کافی شاپس میں ہوتا ہے جہاں لوگ مفت وائی فائی استعمال کرتے ہیں۔ فراڈیے جعلی وائی فائی نیٹ ورک بنا دیتے ہیں اور جیسے ہی کوئی شخص اس سے کنیکٹ ہوتا ہے وہ اس کی معلومات حاصل کر لیتے ہیں۔
بچاؤ کا طریقہ : عوامی وائی فائی پر بینکنگ نہ کریں، محفوظ ویب سائٹس (https) استعمال کریں، خودکار نیٹ ورک کنیکشن بند رکھیں۔
3۔ سوشل میڈیا انعامی مقابلہ فراڈ: اس طریقے میں صارف کو سوشل میڈیا پر ایک پیغام ملتا ہے کہ وہ کسی قیمتی انعام کا مستحق قرار پایا ہے۔ جیسے ہی وہ لنک پر کلک کرتا ہے اس کے کمپیوٹر میں ایک نقصان دہ سافٹ ویئر انسٹال ہو جاتا ہے۔
بچاؤ کا طریقہ: مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں، بھیجنے والے کی پروفائل چیک کریں، غیر معروف مقابلوں سے دور رہیں۔
4۔ جعلی اینٹی وائرس فراڈ: اس فراڈ میں ایک پاپ اپ ونڈو ظاہر ہوتی ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ آپ کے کمپیوٹر میں وائرس آ گیا ہے اور اسے ختم کرنے کے لیے یہ سافٹ وئر ڈاؤن لوڈ کریں۔ حقیقت میں یہ سافٹ ویئر خود ایک میل ویئر ہوتا ہے۔
بچاؤ کا طریقہ: کسی بھی پاپ اپ لنک پر کلک نہ کریں، مستند اینٹی وائرس استعمال کریں، سسٹم کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھیں۔
5۔ ایس ایم ایس یا کال کے ذریعے بینک معلومات حاصل کرنے کا فراڈ (سمشنگ): آن لائن فراڈ کی ایک اور عام شکل وہ ہے جس میں کسی شخص کو موبائل فون پر ایک ٹیکسٹ میسج یا کال موصول ہوتی ہے۔ اس پیغام میں بتایا جاتا ہے کہ اس کے بینک اکاؤنٹ میں کوئی مسئلہ پیدا ہو گیا ہے یا اس کے اکاؤنٹ کی تصدیق ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے اسے ایک فون نمبر دیا جاتا ہے جہاں کال کر کے اپنی معلومات فراہم کرنے کا کہا جاتا ہے۔
بعض اوقات اس پیغام میں یہ بھی لکھا ہوتا ہے کہ صارف نے کسی کمپنی کی طرف سے انعام جیت لیا ہے اور اسے حاصل کرنے کے لیے مخصوص نمبر پر کال کرنا ضروری ہے۔ جب صارف اس نمبر پر کال کرتا ہے تو فراڈیے بڑی مہارت سے اس سے اس کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، اے ٹی ایم نمبر یا دیگر حساس معلومات حاصل کر لیتے ہیں۔
اس طریقہ واردات کو عام طور پر سمشنگ کہا جاتا ہے، جو دراصل ایس ایم ایس اور فشنگ کا مجموعہ ہے۔
بچاؤ کا طریقہ: کسی بھی بینک یا ادارے کو کبھی بھی اپنا OTP یا پن کوڈ نہ بتائیں۔ اگر ایسا پیغام موصول ہو تو براہ راست اپنے بینک کی آفیشل ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔ مشکوک نمبر کو گوگل یا دیگر ذرائع سے چیک کریں۔
6۔ خیراتی اداروں کے نام پر فراڈ: انٹرنیٹ پر دھوکہ دہی کا ایک اور عام طریقہ یہ ہے کہ کسی قدرتی آفت، جنگ یا انسانی المیے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں سے چندہ جمع کیا جاتا ہے۔ اس طرح کی ای میلز یا پیغامات میں اکثر ایک غریب بچے یا کسی متاثرہ شخص کی تصویر دکھائی جاتی ہے اور لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر مالی مدد فراہم کریں۔ بظاہر یہ ایک نیک کام لگتا ہے، لیکن درحقیقت یہ ایک فراڈ ہوتا ہے جس کا مقصد لوگوں کے بینک اکاؤنٹس اور ذاتی معلومات حاصل کرنا ہوتا ہے۔
بچاؤ کا طریقہ: صرف مستند اور معروف فلاحی اداروں کی ویب سائٹس کے ذریعے ہی چندہ دیں۔ کسی ای میل میں موجود لنک کے ذریعے رقم منتقل نہ کریں۔ کسی بھی فلاحی ادارے کی صداقت کی تصدیق ضرور کریں۔
7۔ آن لائن محبت یا دوستی کے نام پر فراڈ: سوشل میڈیا اور ڈیٹنگ ویب سائٹس کے بڑھتے ہوئے استعمال نے فراڈیوں کے لیے ایک نیا راستہ کھول دیا ہے۔ اس فراڈ میں کوئی شخص جعلی شناخت کے ساتھ کسی سے دوستی کرتا ہے اور آہستہ آہستہ اس کا اعتماد حاصل کر لیتا ہے۔
چند ہفتوں یا مہینوں بعد وہ کسی بہانے سے رقم مانگتا ہے، مثلاً بیماری کا علاج،سفر کے اخراجات، ویزا یا ٹکٹ کے پیسے، جیسے ہی متاثرہ شخص رقم بھیج دیتا ہے، وہ فراڈیا ہمیشہ کے لیے غائب ہو جاتا ہے۔
بچاؤ کا طریقہ: کسی بھی آن لائن دوست کو جلدی اعتماد نہ دیں۔ اگر کوئی شخص رقم مانگے تو فوراً رابطہ ختم کر دیں۔ ویڈیو کال اور دیگر ذرائع سے اس کی شناخت کی تصدیق کریں۔
8۔ فیس بک یا سوشل میڈیا کے جعلی اکاؤنٹس: آج کل فراڈیے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس بنا کر لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں۔ بعض اوقات وہ کسی خوبصورت لڑکی یا مشہور شخصیت کی تصویر استعمال کر کے لوگوں کو دوستی کی دعوت دیتے ہیں۔
ایک اور عام طریقہ یہ ہے کہ کسی شخص کے اصل اکاؤنٹ کی نقل بنا کر اس کے دوستوں کو پیغام بھیجا جاتا ہے کہ اسے فوری طور پر مالی مدد کی ضرورت ہے۔
بچاؤ کا طریقہ: کسی انجان شخص کی دوستی قبول کرنے سے پہلے اس کی پروفائل چیک کریں۔ اگر کسی دوست کی طرف سے پیسے مانگنے کا پیغام آئے تو پہلے فون کر کے تصدیق کریں۔ مشکوک اکاؤنٹس کو رپورٹ کریں۔
آن لائن فراڈ کی کچھ جدید صورتیں
ڈیجیٹل دور میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ آن لائن فراڈ کے طریقے بھی زیادہ جدید اور پیچیدہ ہو گئے ہیں۔ فراڈ کرنے والے لوگ نئی نئی چالیں استعمال کر کے سادہ لوح افراد کو دھوکہ دیتے ہیں۔ ان میں سے چند عام اور جدید طریقے درج ذیل ہیں۔
آن لائن شاپنگ فراڈ: آن لائن شاپنگ فراڈ اس وقت ہوتا ہے جب فراڈی لوگ جعلی ویب سائٹس یا سوشل میڈیا پیجز بنا کر بہت سستی قیمت پر اشیاء فروخت کرنے کی پیشکش کرتے ہیں۔ لوگ کم قیمت دیکھ کر فوراً آرڈر کر دیتے ہیں اور پہلے سے رقم ادا کر دیتے ہیں، لیکن اس کے بعد یا تو سامان بھیجا ہی نہیں جاتا یا پھر ناقص اور مختلف چیز بھیج دی جاتی ہے۔ بعض اوقات یہ ویب سائٹس چند دن بعد مکمل طور پر غائب بھی ہو جاتی ہیں۔
یا پھر یہ کہہ دیا جاتا ہے کہ پارسل راستہ پہ پکڑا گیا ہے یہ نان کسٹم تھا اس لیے آپ اتنے پیسے مزید بھیج دیں تاکہ ہم اس کو چھڑا کر آپ تک پہنچا دیں۔ انجان بندہ مزید پیسے بھیج دیتا ہے پھر وہ آپ کا نمبر بلاک کرکے رفو چکر ہو جاتے ہیں۔
بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ: بعض فراڈی لوگ بیرون ملک ملازمت دلانے کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم آپ کو خلیجی ممالک، یورپ یا دیگر ممالک میں اچھی تنخواہ والی نوکری دلوائیں گے۔ اس کے لیے وہ ویزا فیس، پروسیسنگ فیس یا دیگر اخراجات کے نام پر بھاری رقم وصول کرتے ہیں۔ جب رقم مل جاتی ہے تو وہ یا تو رابطہ ختم کر دیتے ہیں یا جعلی کاغذات دے دیتے ہیں۔
انعامی اسکیم فراڈ: اس فراڈ میں لوگوں کو میسج، ای میل یا سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا جاتا ہے کہ آپ نے کسی مشہور کمپنی یا پروگرام کی طرف سے انعام جیت لیا ہے۔ مثال کے طور پر موبائل کمپنی، ٹی وی شو یا کسی بین الاقوامی کمپنی کے نام کا استعمال کیا جاتا ہے۔ انعام حاصل کرنے کے لیے پہلے ٹیکس یا فیس ادا کرنے کو کہا جاتا ہے۔ جب لوگ رقم بھیج دیتے ہیں تو بعد میں انہیں کوئی انعام نہیں ملتا۔
جعلی ویب سائٹس فراڈ: یہ لوگ بعض اوقات معروف بینکوں، کمپنیوں یا سرکاری اداروں کی ویب سائٹس جیسی ویب سائٹس بنا لیتے ہیں۔ جب کوئی شخص ان ویب سائٹس پر جا کر اپنی معلومات جیسے پاس ورڈ، شناختی کارڈ نمبر یا بینک تفصیلات درج کرتا ہے تو یہ معلومات براہ راست فراڈیوں کے پاس چلی جاتی ہیں۔ اس کے بعد وہ ان معلومات کو استعمال کر کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔
کیو آر کوڈ فراڈ: آج کل ادائیگی کے لیے QR Code کا استعمال بہت بڑھ گیا ہے۔ فراڈی لوگ جعلی QR کوڈ بنا کر لوگوں کو ادائیگی کے لیے دیتے ہیں۔ جب کوئی شخص اس کوڈ کو اسکین کر کے ادائیگی کرتا ہے تو رقم اصل شخص کے بجائے فراڈی کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو جاتی ہے۔
آن لائن کمائی کے جھوٹے مواقع: بعض ویب سائٹس یا لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ گھر بیٹھے آسانی سے ہزاروں یا لاکھوں روپے کمائے جا سکتے ہیں۔ وہ لوگوں سے کہتے ہیں کہ پہلے تھوڑی سی سرمایہ کاری کریں یا رجسٹریشن فیس ادا کریں۔ شروع میں کبھی کبھی چھوٹا سا منافع بھی دکھایا جاتا ہے تاکہ اعتماد پیدا ہو جائے، لیکن بعد میں لوگوں کی بڑی رقم لے کر فراڈی غائب ہو جاتے ہیں۔
سائبر کرائم کے خلاف قوانین
پاکستان میں آن لائن جرائم کو روکنے کے لیے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 نافذ کیا گیا ہے۔ اس قانون کا مقصد انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے ہونے والے جرائم کو کنٹرول کرنا اور مجرموں کو سزا دینا ہے۔ اس قانون کے تحت کئی جرائم قابل سزا قرار دیے گئے ہیں، جیسے
ہیکنگ یا کسی کا اکاؤنٹ غیر قانونی طور پر استعمال کرنا،آن لائن فراڈ یا مالی دھوکہ دہی، شناخت کی چوری (Identity Theft)، سوشل میڈیا پر ہراسانی یا بلیک میلنگ، کسی کی نجی معلومات یا تصاویر کو غیر قانونی طور پر پھیلانا۔ ان جرائم میں ملوث افراد کو جرمانہ، قید یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں، جو جرم کی نوعیت کے مطابق مختلف ہوتی ہیں۔
پاکستان میں سائبر جرائم کی شکایات درج کرنے کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کا ادارہ نیشنل ریسپانس سینٹر فار سائبر کرائم (NR3C) قائم ہے۔ اگر کسی شخص کے ساتھ آن لائن فراڈ یا ہراسانی ہو جائے تو وہ اس ادارے میں شکایت درج کرا سکتا ہے، جہاں اس کی قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔
آن لائن فراڈ سے بچنے کے مؤثر اصول
آن لائن دنیا میں محفوظ رہنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بہت ضروری ہے۔
1۔ مضبوط اور منفرد پاس ورڈ استعمال کریں: اپنے تمام آن لائن اکاؤنٹس کے لیے مضبوط اور الگ الگ پاس ورڈ رکھیں۔ پاس ورڈ میں حروف، اعداد اور نشانات شامل کریں تاکہ اسے آسانی سے ہیک نہ کیا جا سکے۔
2۔ دو مرحلہ تصدیق (Two-Factor Authentication) فعال کریں: اگر کسی ویب سائٹ یا ایپ میں Two-Factor Authentication کا آپشن ہو تو اسے ضرور فعال کریں۔ اس سے اکاؤنٹ زیادہ محفوظ ہو جاتا ہے کیونکہ لاگ اِن کے وقت ایک اضافی کوڈ درکار ہوتا ہے۔
3۔ کسی کو بھی OTP یا بینک معلومات نہ دیں: بینک یا کسی ادارے کا اصل نمائندہ کبھی بھی OTP، پاس ورڈ یا کارڈ کی مکمل تفصیلات نہیں مانگتا۔ اگر کوئی ایسا مطالبہ کرے تو سمجھ لیں کہ یہ فراڈ ہو سکتا ہے۔
4۔ مشکوک لنکس یا ای میلز پر کلک نہ کریں: نامعلوم ذرائع سے آنے والے لنکس یا ای میلز پر کلک کرنے سے گریز کریں کیونکہ ان کے ذریعے وائرس یا ہیکنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
5۔ عوامی وائی فائی پر بینکنگ سے گریز کریں: عوامی مقامات جیسے ہوٹل، کیفے یا ایئرپورٹ کے پبلک وائی فائی پر بینکنگ یا حساس معلومات استعمال کرنا خطرناک ہو سکتا ہے کیونکہ یہ نیٹ ورک محفوظ نہیں ہوتے۔
6۔ سوشل میڈیا پر ذاتی معلومات کم شیئر کریں: اپنی ذاتی معلومات جیسے فون نمبر، پتہ، شناختی کارڈ یا بینک معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں کیونکہ فراڈی لوگ ان معلومات کا غلط استعمال کر سکتے ہیں۔
7۔ صرف مستند ویب سائٹس سے خریداری کریں: آن لائن خریداری کرتے وقت ہمیشہ مستند اور معروف ویب سائٹس کا انتخاب کریں اور ویب سائٹ کے ایڈریس اور ریویوز کو ضرور چیک کریں۔
8۔ کسی بھی پیشکش یا انعام پر فوراً یقین نہ کریں: اگر کوئی پیشکش غیر معمولی حد تک فائدہ مند لگے تو اس کی حقیقت کی تحقیق ضرور کریں کیونکہ اکثر ایسے دعوے فراڈ ہوتے ہیں۔
9۔ موبائل اور کمپیوٹر میں اینٹی وائرس استعمال کریں: اپنے موبائل اور کمپیوٹر میں معتبر اینٹی وائرس سافٹ ویئر استعمال کریں تاکہ وائرس اور میل ویئر سے بچاؤ ہو سکے۔
10۔ بچوں کو انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کے بارے میں آگاہ کریں: بچوں کو انٹرنیٹ استعمال کرتے وقت احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ وہ بھی آن لائن دھوکہ دہی اور خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔